صدرِ مملکت عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ صدارتی ریفرنس آج ( پیر کی) صبح سپریم کورٹ میں دائر کیا جائے گا۔ ریفرنس کے متن میں کہا گیا ہے کہ ارکان ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہوں اور وفاداریاں تبدیل کریں تو ووٹ کی قانونی حیثیت کیا ہوگی؟منحرف ارکان کی نا اہلیت تاحیات ہوگی یا دوبارہ الیکشن لڑ سکیں گے؟ سپریم کورٹ سے ریفرنس کو روزانہ کی بنیاد پر سن کر فیصلہ کرنے کی اپیل کی جائے گی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق صدارتی ریفرنس کے مسودے کی سمری وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظور کرائی گئی جس میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح اور نا اہلی کی مدت کے تعین کی سفارش کی گئی ہے۔ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد سمری کابینہ کو بھجوائی گئی۔ سمری میں آرٹیکل 63 اے اور الیکشن ایکٹ کے سیکشن 231 کا حوالہ دیا گیا ہے۔ سمری کے مطابق آرٹیکل 63 اے کے تحت نا اہلی کی مدت کا تعین نہیں کیا گیا، موجودہ صورت حال میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح ضروری ہے۔