اسلام آباد میں علی الصبح جب پارہ نقطہ انجماد پر تھا اور ہری گھاس نے جمی ہوئی اوس کی وجہ سے سفید چادر اوڑھ رکھی تھی، اس وقت میڈیا کو اکٹھا ہونے کا وقت دیا گیا تھا۔
پہلی منزل اسلام آباد کے علاقے آبپارہ کے قریب واقع سپورٹس کمپلیس تھا جہاں پر میڈیا کے ارکان نے گاڑیاں پارک کیں۔ وہاں دفتر خارجہ کے پروٹوکول عملے نے سب کے سکیورٹی پاسز چیک کیے اور بعد میں بسوں میں بٹھا کر پارلیمنٹ کی جانب روانہ کر دیا گیا۔
وہاں ایک سکیورٹی چیک اپ کا دوسرا راونڈ منتظر تھا۔ یہاں بھی بیگ کی تلاشی کے بعد اس پر سکیورٹی چیک کا ٹیگ لگایا گیا۔ پارلیمنٹ کے باہر سکیورٹی اہلکاروں کے تربیت یافتہ کتے بھی موجود تھے، جس سے تاثر مل رہا تھا کہ سکیورٹی بہت سخت ہے۔
ہم سب کو پارلیمنٹ کے گیٹ نمبر ایک کے باہر اتارا گیا۔ میڈیا نمائندوں نے سوچا شاید اب مزید کسی پل صراط سے نہیں گزرنا پڑے گا لیکن یہاں دوبارہ بیگ چیک کیے گئے اور کہا گیا کہ سرخ قالین سے گزر کر بذریعہ لفٹ سیدھا تیسری منزل پر واقع پریس گیلری چلے جائیں۔
سکیورٹی اور پروٹوکول پر مامور اہلکاروں نے ہلکی پھلکی گپ شپ میں بتایا کہ گذشتہ تین روز سے ان کی 20 گھنٹوں کی ڈیوٹی چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’پاکستانی طالبان کی حالیہ دھمکیوں کے تناظر میں سکیورٹی فول پروف بنانے پر دباؤ بہت زیادہ تھا، بس اللہ کرے خیر خیریت سے ایونٹ ہو جائے۔‘
اسلامی تعاون تنظیم کے وزرا خارجہ کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس میں سکیورٹی مراحل سے گزرنے کے بعد شرکا اور صحافی عمارت کے اندر پہنچے۔ سکیورٹی چیک کے بعد تحریک انصاف کے چند اراکین اسمبلی غیرملکی مہمانوں کے ساتھ ہال میں تصویریں بناتے رہے۔
پارلیمنٹ کا ایوان، جہاں معمول میں قومی اسمبلی کے اجلاس ہوتے ہیں، اُسے او آئی سی اجلاس کے لیےموزوں قرار دیتے ہوئے مختص کیا گیا تھا۔ حکومتی جماعت کے اراکین اسمبلی ملیکہ بخاری، زرتاج گُل، رمیش کمار، سینیٹر شہزاد وسیم اور دیگر بھی اسمبلی ہال کے اندر مختلف وزرا سے ملتے رہے۔ پارلیمانی سیکرٹری عندلیب عباس خلیجی ممالک کے وفود سے ملاقات میں مصروف رہیں۔
وزیر خارجہ ساڑھے 11 بجے ہال میں تشریف لائے جبکہ وزیراعظم 11 بج کر 42 منٹ پر ہال میں آئے، جس کے بعد اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اوآئی سی سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم روسٹرم کے ساتھ نشتوں پر براجمان تھے۔ وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے اپنی تقریر سے اجلاس کی شروعات کی۔
جب وزیر خارجہ شاہ محمود تقریر کر رہے تھے تو اس دوران نگران وزیر خارجہ امیر خان متقی کی سربراہی میں طالبان وفد قدرے تاخیر سے ہال میں داخل ہوا۔
وزیر خارجہ کے بعد سعودی وزیر خارجہ، او آئی سی سیکرٹری جنرل، ترکی کے وزیر خارجہ، اردن کے وزیر خارجہ، نائجر کے وزیر خارجہ، اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر اور ان کے بعد وزیراعظم عمران خان نے تقریر کی۔
وزیراعظم عمران نے اپنی تقریر میں کہا کہ جب کسی ملک کے بینک منجمد ہو جائیں تو اُن کی معیشت کھڑی نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ