حکومت پاکستان کی جانب سے رواں اسلامی سال 43-1442 ہجری (مالی سال2021_22) کیلئے زکوۃ کا نصاب اٹھاسی ہزار نو سو ستائیس (88,927) روپے مقرر کیا گیا ہے۔
04 اپر کو بینک اکاؤنٹس سے زکوٰۃ کی کٹوتی کی جائے گی۔ زکوٰۃ کی کٹوتی کا اطلاق سیونگ بینک اکاؤنٹس اور پرافٹ اینڈ لاس شیئرنگ اکاؤنٹس پر ہوگا۔ جب کہ اٹھاسی ہزار نو سو ستائیس (88,927)روپے بیلنس رکھنے والے دیگر بینک اکاؤنٹس سے بھی زکوۃ کٹوتی کی جائے گی۔
کمپنی اکاؤنٹ، کرنٹ اکاؤنٹ یا وہ صارفین جنہوں نے زکوٰۃ نہ کاٹنے کا ڈکلیریشن بینک میں جمع کرایا ہے، ان کے اکاؤنٹ سے زکوٰۃ نہیں کاٹی جائے گی۔
زکوٰۃ اسلام کے 5 ارکان میں سے ایک ہے۔ اس کے تحت بالغ مسلمان پر ساڑھے 7 تولہ سونا، ساڑھے 52 تولہ چاندی، یا دونوں میں سے کسی ایک کی مالیت کے برابر نقدی یا سامانِ تجارت، یا یہ سب ملا کر یا ان میں سے بعض ملا کر مجموعی مالیت چاندی کے نصاب کے برابر بنتی ہو تو ایسے شخص پر اُس مال پر سال پورا ہونے کے بعد ڈھائی فیصد بطور زکوٰۃ ادا کرنا فرض ہوجاتا ہے۔
حکومت کے اعلان کے اعتبار سے ساڑھے 52 تولہ چاندی کی قیمت جو کہ حکومت کی طرف سے اعلان کردہ ہے وہ اٹھاسی ہزار نو سو ستائیس (88,927) روپے بنتی ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال2021 میں زکوٰۃ کا نصاب 80 ہزار 933 روپے مقرر کیا گیا تھا۔