وفاقی وزیر قانون فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کل کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
فوادچوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بھی کل ہوگا، وزیراعظم عمران خان کل رات قوم سے خطاب بھی کریں گے۔خیال رہے کہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی 3 اپریل کی رولنگ، صدر مملکت کی جانب سے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے معاملے پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے از خود نوٹس کیس کا فیصلہ سنادیا ہے۔سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے متفقہ فیصلہ دیا کہ تحریک عدم اعتماد کو مسترد کرنے کی ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی 3 اپریل کی رولنگ اور وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر کی جانب سے قومی اسمبلی کو تحلیل کرنا آئین سے متصادم تھا جس کے بعد سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی بحال کردی۔سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ اسپیکر فوری طور پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں، قومی اسمبلی اجلاس ہرصورت 9 اپریل صبح 10:30 بجے سے پہلے بلایا جائے۔