ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ آرمی چیف جس جانب دیکھتے ہیں7لاکھ فوجی بھی اسی طرف دیکھتے ہیں۔
پریس بریفنگ کے دوران فوج کے اندر جانبدار اور غیر جانبدار کی لڑائی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ آپ کو شاید معلوم نہیں ہے کہ فوج ’یونیٹی آف کمانڈ‘ کے فیکٹر پر چلتی ہے، چیف آف آرمی سٹاف جس جانب دیکھتے ہیں 7لاکھ فوجی بھی اسی جانب دیکھتے ہیں، آج تک اس میں نہ تبدیلی آئی ہے نہ انشااللہ آگے کبھی آئے گی، الحمداللہ فوج کے اندر کسی قسم کی کوئی تقسیم نہیں ہے اور پوری فوج اپنی لیڈرشپ پر فخر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کا دارومدار سیاسی استحکام پر ہے، دفاع اس کا ایک چھوٹا سا حصہ ہے، سیاسی استحکام اصل عنصر ہے جو معیشت اور سیکیورٹی سمیت تمام چیزوں کو آگے بڑھاتا ہے، اگر ملک میں سیاسی عدم استحکام ہوگا تو اسے یقینی طور پر قومی سلامتی کو نقصان پہنچے گا۔