چین میں شنگھائی کے قریب ایک بڑے صنعتی صوبے ژی جیانگ میں روزانہ تقریباً ایک ملین نئے کورونا کیسز سامنے آرہے ہیں. صوبائی حکومت کا کہنا ہے صوبے میں کورونا کیسز کی تعداد آنے والے دنوں میں دوگنی ہو جائے گی. چین میں کیسوں میں ریکارڈ اضافے کے باوجود پانچ دنوں کے دوران مین لینڈ پر کووڈ کی وجہ سے کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی.
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق شہریوں اور ماہرین نے مزید درست اعداد و شمار کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ بیجنگ کی جانب سے صفر کووڈ پالیسی میں زبردست تبدیلیاں کرنے کے بعد کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔چین کے ملک گیر اعداد و شمار نامکمل ہیں کیونکہ نیشنل ہیلتھ کمیشن نے غیر علامتی انفیکشن کی اطلاع دینا بند کر دی تھی، جس سے کیسز کا پتہ لگانا مشکل ہو گیا تھا۔ اتوار کو کمیشن نے روزانہ کے اعدادوشمار کی رپورٹنگ بند کردی، جسے چائنا سی ڈی سی نے پھر شائع کیا۔ ژی جیانگ ان چند علاقوں میں شامل ہے جن میں کیسز میں غیر علامتی کیسز کو شامل کرکے حالیہ اضافے کا اندازہ لگایا گیا ہے.