کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاﺅ کے ہنگام سعودی حکومت نے عمرہ زائرین کے لیے اہم ہدایات جاری کر دیں۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ان ہدایات میں عمرہ زائرین کو مقدس مقامات پر فیس ماسک پہننے کا پابند بنایا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ان ہدایات میں سعودی حکام کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ”جب آپ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں مقدس مقامات پر فیس ماسک پہنتے ہیں تو نہ صرف آپ خود کو بلکہ دوسروں کو بھی کورونا وائرس سے بچا رہے ہوتے ہیں۔“ حکام کی طرف سے عمرہ زائرین کو ایک دوسرے سے مناسب فاصلہ رکھنے اور ہاتھوں کو سینی ٹائز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی اس نئی قسم کو ’ای جی 5‘ یا ایرس(Eris)کا نام دیا گیا ہے، جو اس سے قبل پھیلنے والی قسم امیکرون سے مشابہہ ہے۔ ایرس کے کیسز اب تک امریکہ، چین، جنوبی کوریا، برطانیہ اور جاپان سمیت دنیا کے 51ممالک میں سامنے آ چکے ہیں اور ان کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔