وزیراعظم عمران خان نے حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔ ناکامی کی صورت میں وزیر اعظم پی ٹی آئی کے ممبران کے مشترکہ استعفے پیش کرنے کا اعلان کر سکتے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام 4بجے شروع ہو گا جس میں اب تحریک انصاف کے ممبران کو شرکت کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل حکومت نے اپنے اراکین کو اجلاس میں جانے سے روک دیا ہے ۔ گزشتہ اجلاسوں میں بھی اپوزیشن کے ممبران کے علاوہ کوئی اور شریک نہیں ہوا تھا ۔
حکومت کی اہم اتحادی ایم کیوایم بھی اپوزیشن میں شرکت کا اعلان کر چکی ہے اور وزارتوں سے استعفے دے چکی ہے جبکہ پنجاب اسمبلی میں کل کے ہی روز وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف عدم اعتماد پر ووٹنگ ہو نے جارہی ہے جس کیلئے جہانگیر ترین گروپ نے باضابطہ حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کر دیاہے ۔