وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ملکی حالات تشویشناک ہیں اسٹیبلشمنٹ سے درخواست کرتا ہوں کہ مداخلت کرے اور رمضان یا حج کے بعد نئے الیکشن کا اعلان کر دیں ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے تھا کہ پاکستان کے ادارے عظیم ادارے ہیں ،بہت محنت کی انہیں آگے لے جانے کی۔ ملک کو آگے لے جانے کیلئے ضروری ہے کہ ملک میں الیکشن کر ادیئے جائیں ۔ ان جماعتوں کو کالعدم کرا دیا جائے جن لوگوں نے بیرون ملک سے پیسے لے کر تحریک عدم اعتماد پیش کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں پی ٹی آئی کے تمام 155اراکین کو اسمبلی سے استعفیٰ دے دینا چاہیے ۔
تحریک عدم اعتماد پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 94میں واضح ہے کہ اگر تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو جاتی ہے تو وزیر اعظم کام جاری رکھیں گے اور وہ کب تک رہیں گے یہ آئین میں نہیں لکھا۔ان کا کہنا تھا کہ سیاست کے فائنل راونڈ کیلئے 24گھنٹے انتہائی اہم ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتیں ان چوروں پر فرد جرم نہیں لگا سکیں ،یہ لوگ 22کروڑ عوا م کو بٹیرے سمجھتے ہیں ۔ میں ان لوگوں کیخلاف سیاسی اعلان جنگ کرتا ہوں ۔ میرا مقصد ایسے لوگوں کو سیاسی دفن کرنا ہے ۔
ایک صحافی کے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ فواد چودھری وزیر قانون ہیں اگر وہ مجھے اپوزیشن کیخلاف بغاوت کا مقدمہ بھیجتے ہیں تو میں آج ہی اس پر بطور وزیر داخلہ دستخط کروں گا