پنجاب میں جوڑ توڑ کی سیاست اپنے عروج پر ہے لیکن اسی دوران ن لیگ پر بڑی مشکل آن پڑی ہے کیونکہ پیپلزپارٹی کے ساتھ ساتھ ترین گروپ بھی صوبائی سپیکر شپ کیلئے امیدواروں میں شامل ہو گئی ہے ۔
نجی ٹی وی اے آ روائے نیوز کے مطابق ترین گروپ نے حمایت کے بدلے ن لیگ سے پنجاب کے سپیکر کا عہدہ مانگ لیاہے ، ترین گروپ کے اراکین کی حمزہ شہباز سے ملاقات ہوئی جس میں یہ مطالبہ سامنے آیاہے ، کہا گیا کہ ہم وزارتیں چھوڑ کر آ رہے ہیں، ، حمایت کا اعلان کرتے ہیں تو کوئی بڑی آفر دی جائے ، جبکہ پہلے ہی اعلیٰ سطح پر آصف زرداری اور شہبازشریف کے درمیان یہ معاملہ طے ہو چکاہے کہ پنجاب کی سپیکر شپ پیپلز پارٹی کو دی جائے گی جس کیلئے پی پی پی نے سید حسن مرتضیٰ کو اپنا امیدوار بھی نامزد کر دیاہے ۔ ن لیگ ایسے موڑ پر آ گئی ہے جہاں انہیں ترین گروپ کو ناراض بھی نہیں کرنا اور دوسری جانب پیپلز پارٹی کو دیے گئے وعدے سے بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتی تاہم دیکھنا یہ ہو گا کہ اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے ۔