وزارت قانون کا اضافی قلمدان سنبھالنے کے بعد فواد چودھری متحرک ہیں، اپوزیشن کے وزیراعظم کے امیدوار شہبازشریف اور پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے امیدوار حمزہ شہبازکی ضمانت منسوخی کے لیے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے عدالت سے رجوع کرلیا تاکہ گرفتاری عمل میں لائی جاسکے ۔
وزارت قانون سے ہدایات ملنے کے بعد ایف آئی اے نے سیشن کورٹ لاہور میں 25مارچ کے عبوری ضمانت میں توسیع کے فیصلے کے خلاف درخواست دائرکردی ہے اور موقف اپنایا ہے کہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز عبوری ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھارہے ہیں لہٰذا عدالت ان کی ضمانت منسوخ کرے۔
یادرہے کہ لیگی قیادت کے خلاف 16ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا ایف آئی اے نے مقدمہ درج کررکھا ہے اور کیس عدالت میں زیرسماعت ہے ۔ ضمانت منسوخ ہونے کی صورت میں وفاق میں عہدہ سنبھالنے کے امیدوار شہبازشریف اور پنجاب میں حمزہ شہبازدونوں ہی گرفتار ہوسکتے ہیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سپیشل جج سنٹرل کے روبرو دائر ہونیوالی درخواست پر سماعت بھی شروع ہوچکی ہے ۔