نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ وہ مبینہ بیرونی سازش والے خط کے معاملے پر پارلیمان کی سیکیورٹی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس بلائیں گے ۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما کہتے ہیں کہ خط سات مارچ کو موصول ہوا جبکہ تحریک عدم اعتماد کے سلسلے میں ہماری میٹنگز اور فیصلے کئی دن پہلے ہو چکے تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ قوم اور پارلیمان کو اس معاملے پر حقیقت جاننے کا حق حاصل ہے تاکہ یہ بحث ختم ہو جائے ۔شہباز شریف نے کہا کہ بطور وزیراعظم ہدایات دیتا ہوں کہ پارلیمان کی سیکیورٹی کمیٹی کو ان کیمرہ بریفنگ دی جائے جس میں مسلح افواج کے سربراہان ، ڈی جی آئی ایس آئی ،فارن سیکریٹری اور خط لکھنے والا سفیر بھی موجود ہو گا ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اگر اسی کمیٹی کی بریفنگ میں ثابت ہو گیا کہ ہم بیرونی سازش کا حصہ بنے یا ہمیں بیرونی وسائل ملے ، جیسے فارن فنڈنگ کیس میں ثابت ہو گیا ، اگر ہم ملوث پائے گئے تو ایک سیکنڈ بھی وزیراعظم نہیں رہوں گا۔