امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں عام انتخابات میں ‘مداخلت اور فراڈ کے دعووں’ کی مکمل اور شفاف تحقیقات ہونی چاہییں
بی بی سی کے مطابق۔
ایک پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں ‘مداخلت اور فراڈ کے دعووں کی پاکستان کے قوانین اور طریقہ کار کے تحت مکمل اور شفاف تحقیقات ہونی چاہییں۔’
میتھیو مِلر کا مزید کہنا تھا کہ ‘میں سفارتی بات چیت پر بات نہیں کروں گا لیکن ہم نے یہ واضح کردیا ہے کہ ہم بے ضابطگیوں اور بے ضابطگیوں کے دعووں کی مکمل تحقیقات دیکھنا چاہتے ہیں۔’
خیال رہے پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی جماعت کا دعویٰ ہے کہ دھاندلی کے ذریعے ان کو جیتی ہوئی نشستوں پر ہروایا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن نے ملک میں مخلوط حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اتحادی جماعتوں کے مطابق ان کے وزارتِ اعظمیٰ کے امیدوار شہباز شریف جبکہ صدرِ پاکستان کے امیدوار آصف علی زرداری ہوں گے۔