پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آٸی) انٹرا پارٹی الیکشن کو مؤخر کرنے کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔
درخواست گزار نوید انجم خان نے پی ٹی آئی چیئرمین شپ کے لئے جمع کروائے گیے اپنے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر الیکشن کمیشن سے رجوع کر لیا۔
نوید انجم خان کی جانب سے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن مؤخر کرنے کی درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کروا دی گئی۔
درخواست گزار نوید انجم خان نے اپنے موقف میں کہا کہ میں نے بطور پی ٹی آئی ورکر چیئرمین شپ کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، میرے کاغذات نامزدگی کو پی ٹی آئی الیکشن بورڈ نے اعتراضات لگا کر مسترد کر دیا۔
درخواست میں نوید انجم خان نے موقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی کا آئین مجھے اجازت دیتا ہے کہ میں بطور چیئرمین انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لوں، بطور پی ٹی آئی ورکر الیکشن کمیشن سے استدعا کرتا ہوں کہ میری اپیل کو سنیں۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ جب تک الیکشن کمیشن میری درخواست پر اعتراضات کا فیصلہ نہیں کرتا پی ٹی آئی انٹرا پارتی الیکشن شیڈول مؤخر کیا جائے۔