پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پیر کی صبح سرحد کے قریب افغانستان کی حدود میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق آج کے آپریشن میں حافظ گل بہادر گروپ سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد ہدف تھے جو تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ پاکستان میں متعدد حملے کرنے میں ملوث ہیں، جن میں سیکڑوں عام شہری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار مارے گئے۔
دفتر خارجہ کے مطابق تازہ ترین حملہ 16 مارچ کو شمالی وزیرستان میں میر علی کی سکیورٹی چیک پوسٹ پر کیا گیا، جس میں سات پاکستانی فوجی مارے گئے۔
واضح رہے کہ آج صبح افغان طالبان نے کہا تھا کہ پاکستانی طیاروں نے افغانستان کی حدود میں پکتیکا اور خوست کے علاقوں میں بمباری کی ہے جس میں خواتین اور بچوں سمیت آٹھ شہری ہلاک ہوئے ہیں