سابق وزیرداخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ انہوں نے بہت پہلے کہا تھا کہ شہباز شریف کی سیاست چلے گی نواز شریف کی نہیں۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ 9 مئی کے تین مقدمات کی تین تین نقول ہمیں فراہم کردی گئی ہیں، ہمارے خلاف 9 مئی کے 17 کیس چل رہے ہیں، 11 کیس دہشتگردی عدالت میں ہیں وہاں آئندہ سماعت پر بھی پیش ہونگے۔انہوں نے کہا کہ حکومت جنہوں نے چلانی ہے انہوں نے چلانی ہے، ہماری خاموشی رنگ لائے گی، ہم چاہتے ہیں غریب کا چولہا جلے، پاکستان کو آگے جانا چاہئے کیونکہ غریب کی حالت بہت خراب ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 27 رمضان کو مقتدر حلقے غریب لوگوں کیلئے معافی کا اعلان کریں۔
سابق وزیر نے مزید کہا کہ بہت پہلے کہا تھا (ن) میں سے ش نکلے گی، نواز شریف کی سیاست کی جگہ شہباز شریف نے لی ہے، بہت پہلے کہا تھا شہباز شریف کی سیاست چلے گی نواز شریف کی نہیں۔