پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق وزیر اعظم اور سینئر پارٹی رہنما یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ چیئرمین کے انتخابات میں اپنا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ سینیٹ چیئرمین منتخب کرنے کے لیے انتخابات کی تاریخ کا اعلان اب تک نہیں ہوا ہے۔
ملک کے سابق صدر جنرل ضیا الحق کی آمریت میں ملتان سے عملی سیاست کا آغاز کرنے والے یوسف رضا گیلانی ماضی میں پاکستان کے 18ویں وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔ سنہ 2012 میں سپریم کورٹ نے انھیں اپنے دور کے پانچویں سال میں برطرف کیا تھا۔
یوسف رضا گیلانی نے 1976 میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کیا۔ انھوں نے اپنی عملی سیاست کا آغاز سنہ 1978 میں اس وقت کیا جب انھیں مسلم لیگ کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا رکن چنا گیا اور سنہ 1982 میں وہ وفاقی کونسل کے رکن بن گئے۔
یوسف رضا گیلانی نے 1983 میں ضلع کونسل کے انتخابات میں حصہ لیا اور وہ سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے موجودہ رہنما سید فخر امام کو شکست دے کر چیئرمین ضلع کونسل ملتان منتخب ہوئے۔ سنہ 1985 میں انھوں نے اس وقت کے فوجی حکمران جنرل ضیا الحق کے غیر جماعتی انتخابات میں حصہ لیا اور وزیرِ اعظم محمد خان جونیجو کی کابینہ میں وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات اور بعد ازاں وزیرِ ریلوے بنائے گئے۔
سنہ 1988 میں وہ پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے اور اسی برس ہونے والے عام انتخابات میں انھوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا اور اپنے مدمقابل میاں نواز شریف کو شکست دی جو ان انتخابات میں قومی اسمبلی کی چار نشستوں پر امیدوار تھے۔
ان انتخابات میں کامیابی کے بعد یوسف رضا گیلانی ایک مرتبہ پھر وفاقی کابینہ کے رکن بنے اور اس مرتبہ انھیں بینظیر بھٹو کی کابینہ میں سیاحت اور ہاؤسنگ و تعمیرات کی وزارت ملی۔ یوسف رضا گیلانی 1990 کے انتخاب میں تیسری مرتبہ رکن اسمبلی بننے اور 1993 میں صدر غلام اسحاق خان کی طرف سے اسمبلی کی تحلیل کے بعد نگراں وزیر اعظم بلخ شیر مزاری کی نگران کابینہ میں انھیں بلدیات کا قلم دان سونپا گیا۔
سنہ 1993 کے انتخابات میں یوسف رضا گیلانی چوتھی مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور بینظیر بھٹو کے دور حکومت میں قومی اسمبلی کے سپیکر کے عہدے پر فائز ہوئے۔ انھوں نے اپنی سپیکر شپ کے دوران قائم مقام صدر کے فرائض بھی سرانجام دیے۔
ماضی میں انتخابات میں کامیابی کے باوجود یوسف رضا گیلانی فروری 1997 میں ہونے والے انتخابات میں ناکام رہے۔ سنہ 1998 میں انھیں پیپلز پارٹی کا نائب چیئرمین نامزد کر دیا گیا لیکن دسمبر 2002 میں انھوں نے اپنے بھانجے اور رکن قومی اسمبلی اسد مرتضیٰ گیلانی کی جانب سے پیپلز پارٹی میں بننے والے فارورڈ بلاک میں شامل ہونے پر پارٹی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
سیاسی کیریئر کے دوران یوسف رضا گیلانی کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات میں نیب نے ریفرنس دائر کیا اور راولپنڈی کی ایک احتساب عدالت نے ستمبر سنہ 2004 میں یوسف رضا گیلانی کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں 300 ملازمین غیر قانونی طور پر بھرتی کرنے کے الزام میں 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی تاہم سنہ 2006 میں یوسف رضا گیلانی کو عدالتی حکم پر رہائی مل گئی۔
یوسف رضا گیلانی نے اڈیالہ جیل میں اسیری کے دوران اپنی یادداشتوں پر مبنی پر ایک کتاب ’چاہ یوسف سے صدا‘ بھی لکھی۔
وہ فروری سنہ 2008 کے انتخابات میں ملتان سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر پانچویں مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ ان انتخابات کے بعد ابتدا میں یوسف رضا گیلانی کو وزارتِ عظمٰی کے لیے مضبوط امیدوار گردانا نہیں جا رہا تھا اور پنجاب سے ممکنہ امیدوار کے طور پر احمد مختار کا نام خبروں میں تھا۔
تاہم پاکستان پیپلز پارٹی نے انھیں 22 مارچ 2008 کو ملک کے نئے وزیراعظم کے لیے نامزد کر دیا۔ اس کے ایک دن بعد 24 مارچ کو نو منتخب قومی اسمبلی نے یوسف رضا گیلانی کو نیا قائدِ ایوان منتخب کر لیا اور 26 مارچ کو انھوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا اور وہ چار سال ایک ماہ اور ایک دن تک اس عہدے پر فائز رہے۔
وہ بلخ شیر مزاری کے بعد سرائیکی علاقے سے تعلق رکھنے والے پہلے وزیرِ اعظم تھے جبکہ اس سے پہلے سرائیکی بیلٹ سے بلخ شیر مزاری نگران وزیرِ اعظم بنے تھے۔
چار سالہ دورِ اقتدار میں یوسف رضا گیلانی کی حکومت اور ملک کی عدلیہ کے درمیان اس وقت کے صدر آصف علی زرداری کے خلاف مقدمات کھولنے کے لیے سوئس حکام کو خط لکھنے کے معاملے پر کشیدگی جاری رہی اور سپریم کورٹ کی یہی ’حکم عدولی‘ ان کے اقتدار کے خاتمے کی وجہ بھی بنی۔