مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی تصدیق کردی ۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک 1443 ہجری کا پہلا روزہ کل (بروز اتوار) کو ہوگا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت پشاور میں منعقد ہوا ۔ اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ آج اکثر و بیشتر مقامات پر مطلع صاف رہا اور مختلف مقامات سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور، اسلام آباد ، سیالکوٹ، قصور، پاکپتن، کھاریاں، مظفر گڑھ، کرک اور نارووال میں جم غفیر نے چاند دیکھا جس کے بعد اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم رمضان المبارک 1443 بمطابق 3 اپریل 2022 بروز اتوار کو ہوگا۔