روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ روسی حکومت کو غیر ملکیوں کے لیے روس میں داخلے کا ایک نیا نظام تیار کرنا چاہیے جو انہیں بغیر ویزے کے روس کا سفر کرنے کی اجازت دے، چاہے وہ ممالک روسی شہریوں کے لئے ویزا شرط قائم رکھیں. صدر پوتن نے وزارت داخلہ اور خارجہ کے علاوہ فیڈرل سیکیورٹی سروس (FSB) کو سیاحتی، کاروباری یا تعلیمی مقاصد کے لیے روس آنے والے غیر ملکیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں حصہ لینے والے غیر ملکیوں کے لیے ویزا فری نظام متعارف کرانے کے لیے تجاویز تیار کرنے کا حکم دیا ہے ۔
کریملن کی طرف سے شائع کردہ ایک دستاویز میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکیوں کے روس میں داخلے لئے ویزا میں نرمی کے حوالے سے تمام اقدامات کو متعارف کرایا جانا چاہیے. یہ فیصلہ روسی ریاستی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا گیا۔ ریاستی کونسل ایک مشاورتی ادارہ ہے جسے روسی صدر نے مختلف سرکاری اور عوامی اداروں کے کاموں کو بہتر کرنے کے لیے تشکیل دیا ہے۔ آرڈر میں ملٹی انٹری ویزوں کی میعاد میں اضافے کے ساتھ ساتھ سیاحت کے شعبے میں ضابطوں میں نرمی کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے. اس سے قبل روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں کروز بحری جہازوں پر سفر کرنے والے سیاحوں کے منظم گروپوں کو ایک مخصوص مدت کے لیے بغیر ویزا کے روسی سرزمین پر داخل ہونے اور قیام کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ روسی صدر نے اس طریقہ کار کو دوسرے روسی ریجنز میں بھی رائج کرنے کی تجویز دی ہے۔ صدر پوتن نے روسی حکام کو یہ بھی حکم دیا کہ وہ ‘دوستانہ ممالک’ کی ایئر لائنز کے ذریعے مسافروں اور کارگو پروازوں کی تعداد بڑھانے پر کام کریں۔ حکمنامے کے مطابق حکومتی تجاویز یکم جون 2023 سے پہلے پیش کی جائیں۔
واضح رہے روس کی جانب سے یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب یورپی یونین نے روسی شہریوں کے لیے ویزا پابندیاں سخت کر دی ہیں۔ رواں برس ستمبر میں یورپی یونین نے ماسکو کے ساتھ ویزا معاہدے کو معطل کر دیا تھا۔