پاکستان تحریکِ انصاف نے تین مارچ کو انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کا اعلان کیا ہے اور جماعت کے رہنما بیرسٹر گوہر کے مطابق عمران خان نے بیرسٹر علی ظفر کو پارٹی کی چیئرمین شپ کا امیدوار نامزد کیا ہے۔
جمعرات کو راولپنڈی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ بیرسٹر علی ظفر چیئرمین شپ جبکہ عمر ایوب جماعت کے جنرل سیکریٹری کے عہدے کے لیے امیدوار ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پارلیمان کا حصہ بن کر اپنا کردار ادا کرے گی۔
تحریکِ انصاف کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے کاغذاتِ نامزدگی 23 اور 24 فروری کو جمع کروائے جائیں گے اور جانچ پڑتال کے بعد ان پر حتمی فیصلہ 27 فروری کو ہو گا۔ پی ٹی آئی کے مطابق ان انتخابات کے لیے پولنگ جماعت کے مرکزی دفتر سمیت چاروں صوبائی سیکریٹریٹس میں ہو گی۔
خیال رہے کہ عام انتخابات سے قبل پی ٹی آئی نے اپنی جماعت میں انتخابات کا انعقاد کیا تھا جس میں بیرسٹر گوہر کو چیئرمین منتخب کیا گیا تھا تاہم اس انتخاب کو الیکشن کمیشن نے کالعدم قرار دیتے ہوئے جماعت سے اس کا انتخابی نشان واپس لے لیا تھا۔
پی ٹی آئی نے اس فیصلے کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا اور عدالت نے الیکشن کمیشن کا یہ فیصلہ کالعدم قرار دے دیا تھا تاہم عدالتِ عالیہ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا اور عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔